GHAG

پاک افغان سرحد پر جھڑپیں اور جاری کشیدگی

عقیل یوسفزئی

پاکستان اور افغانستان کی سیکورٹی فورسز کے درمیان ہفتے کی صبح ایک دوسرے کے خلاف دو تین مقامات پر شدید جھڑپیں ہوئیں جو کہ شام تک جاری رہیں۔ پاکستان کے سیکورٹی ذرائع کے مطابق افغانستان کی سرزمین سے کالعدم تحریک طالبان پاکستان اور افغانستان کی بارڈر فورسز نے ہفتے کے روز علی الصبح ضلع کرم اور وزیرستان پر نہ صرف فائرنگ کی بلکہ دراندازی کی کوشش کی جس کے ردعمل میں پاکستانی فورسز نے دفاعی آپریشن لانچ کیے اور بھرپور جواب دیکر متعدد افغان چوکیوں کو نشانہ بنانے کے علاوہ متعدد حملہ آوروں کو بھی نشانہ بنایا ۔ دوسری جانب کالعدم ٹی ٹی پی، امارات اسلامیہ کے میڈیا پلیٹ فارمز نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان پر لیزر ہتھیاروں سے حملے کئے گئے اور بھاری ہتھیار بھی استعمال کیے گئے جس کے نتیجے میں متعدد پاکستانی سرحدی چوکیوں اور اہلکاروں کو نشانہ بنایا گیا اور بڑے پیمانے پر نقصان پہنچایا گیا۔

آزاد ذرائع نے بھی شدید جھڑپوں کی اطلاعات فراہم کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں جانب سے کئی گھنٹوں تک مسلسل دوطرفہ فائرنگ کا سلسلہ جاری رہا۔ بعض ذرائع کے مطابق پاکستان نے جوابی کارروائیوں کے دوران گن شپ ہیلی کاپٹرز بھی استعمال کیے اور تین مختلف مقامات پر شدید جھڑپیں ہوئیں۔

افغان وزارت دفاع نے بھی پاکستان کے مختلف علاقوں پر حملوں کا دعویٰ کیا ہے تاہم ہلاکتوں سے متعلق مصدقہ اطلاعات موصول نہیں ہوئیں۔ یاد رہے کہ پاکستان نے 25 دسمبر کو افغانستان کے صوبہ پکتیکا صوبے میں تین چار ٹھکانوں پر ائیر فورس کے ذریعے حملے کئے جس کے نتیجے میں درجنوں افراد کو نشانہ بنایا گیا جس پر افغان حکومت اور کالعدم گروپوں نے شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے اعلان کیا کہ پاکستان کو ان حملوں کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔ 25 دسمبر کے بعد دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی میں اضافے کا راستہ ہموار ہوا اور صورتحال ہفتہ کے روز کی شدید جھڑپوں کی صورت میں نکل آئے۔

قبل ازیں جمعہ کے روز وزیر اعظم شہباز شریف اور ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے واضح کیا کہ پاکستان کے خلاف افغان سرزمین استعمال ہورہی ہے جس پر نہ صرف یہ کہ سخت جوابی کارروائی کی جائے گی بلکہ افغانستان کی عبوری حکومت پر بھی واضح کیا گیا ہے کہ وہ اس صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے پاکستان پر ہونے والے حملوں کی روک تھام کو یقینی بنائیں ۔

(28 دسمبر 2024)

Facebook
Twitter
LinkedIn
WhatsApp

Related Posts