بشریٰ بی بی نے پردے کے پیچھے سے تقریر بھی کی اور ہدایات بھی جاری کیں، ذرائع
شرکاء کی توجہ بشریٰ بی بی کی تقریر اور ہدایات پر مرکوز رہی اور سب نے ان کی “ڈانٹ ڈپٹ” کو بہت احترام اور توجہ سے سنا، ذرائع
پشاور (غگ رپورٹ) وزیراعلی ہاؤس پشاور میں علی امین گنڈاپور کی میزبانی میں پی ٹی آئی کے اہم قائدین کا ایک اہم مشاورتی اجلاس منعقد ہوا جس کی صدارت بظاہر پارٹی چیرمین بیرسٹر گوہر نے کی مگر ہدایات عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے جاری کیں اور وزراء، ممبران اسمبلی اور پارٹی لیڈران کو نہ صرف 24 نومبر کے احتجاج سے متعلق احکامات دیے بلکہ بعض شرائط بھی شامل کیں اور بہتر نمائندگی نہ کرنے والوں کو پارٹی سے باہر نکالنے کی دھمکیاں بھی دیں۔
ذرائع کے مطابق بشریٰ بی بی نے پردے کے پیچھے بیٹھ کر تقریباً 15 منٹ تک تقریر کرتے ہوئے اپنے احکامات جاری کیے۔ اس موقع پر مرکزی قائدین سمیت ملک بھر خصوصاً پنجاب اور خیبرپختونخوا سے آنیوالے تقریباً 400 رہنما اور عہدیدار موجود تھے۔
اس موقع پر سب کی توجہ بشریٰ بی بی کی تقریر اور ہدایات پر مرکوز رہی اور سب نے ان کی “ڈانٹ ڈپٹ” کو بہت احترام اور توجہ سے سنا۔ پارٹی ذرائع کے مطابق مزید لیڈرز اور عہدیدار پشاور پہنچ رہے ہیں جن کی میزبانی ، سیکورٹی اور پروٹوکول صوبائی حکومت کے ذمے ہیں۔