دہشت گردی کے خاتمے کے لئے قوم کی مسلسل حمایت درکار ہے، کوئٹہ میں گفتگو
پاکستان کی سیکورٹی فورسز دہشتگردی کے خلاف پُرعزم ہیں، آئی ایس پی آر
پشاور ( غگ رپورٹ ) پاک فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر گزشتہ روز ہونے والے دہشت گرد حملے کے بعد کوئٹہ پہنچے جہاں انہوں نے اعلیٰ حکام سے واقعے سے متعلق بریفنگ لی اور دیگر اہم عسکری، سول حکام کے ہمراہ کوئٹہ گیریژن میں شہداء کی نماز جنازہ میں خصوصی شرکت کی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے جاری کردہ بیان کے مطابق آرمی چیف نے سی ایم ایچ کوئٹہ میں خودکش حملے میں زخمی ہونے والے متعدد زخمیوں کی عیادت کرتے ہوئے ان سے تبادلہ خیال بھی کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز دہشتگردی کے خلاف جنگ کو اپنے منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے پوری طرح تیار اور پُرعزم ہیں۔
اس موقع پر انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں فورسز کو تمام پاکستانیوں کی پختہ حمایت درکار ہے۔ پاکستان کے اندر کسی قسم کی دہشتگردی اور بدامنی برداشت نہیں کی جائے گی اور دہشتگردی کے ساتھ سختی کے ساتھ نمٹا جائے گا۔
قبل ازیں وزیرداخلہ محسن نقوی اپنی ٹیم کے ہمراہ ہنگامی طور پر اسلام آباد سے کوئٹہ پہنچے جہاں انہوں نے وزیراعلٰی بلوچستان سرفراز بگٹی کے ساتھ ایک میڈیا ٹاکس میں کہا کہ وفاقی حکومت اور پوری قوم اس سانحہ کے موقع پر صوبائی حکومت، عوام اور متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے اور ذمہ داران کو ان کے کیے کی سزا ملنے کے علاوہ ہر قسم کی دہشتگردی اور دہشت گردوں کی سہولت کاروں کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کی جائیں گی۔ وزیرداخلہ نے اس موقع پر حکام سے تفصیلات بھی معلوم کیں اور ان کو بعض ضروری ہدایات جاری کیں۔