GHAG

دہشتگردی کے معاملے پر آرمی چیف کی وارننگ

پاکستان کی اندرونی اور بیرونی سیکورٹی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا، جنرل سید عاصم منیر

دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑنا ہر پاکستانی کی ذمہ داری ہے، آرمی چیف

ہم روزانہ جوانوں کی قربانیاں دے رہے ہیں، آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر

اپیکس کمیٹی کے اجلاس سے خطاب اور بلوچستان میں آپریشن کا فیصلہ

پشاور (غگ رپورٹ) آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے ہر قیمت پر ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے عزم کا دوٹوک الفاظ میں اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس جنگ میں ہر کوئی اپنے حصے کا کردار ادا کررہا ہے۔ بعض وردی میں یہ جنگ لڑر ہے ہیں تو بعض وردی کے بغیر ملک کے دفاع میں مصروف عمل ہیں۔

وزیر اعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت وفاقی اپیکس کمیٹی کے اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا کہنا تھا کہ پاکستان کی سیکورٹی فورسز کی ذمہ داری ہے کہ ملک کی سلامتی اور سیکورٹی کو درپیش اندرونی اور بیرونی دونوں چیلنجز سے نمٹتے ہوئے دہشتگردی کا ہر قیمت پر خاتمہ کریں اور اسی عزم ، پالیسی کا نتیجہ ہے کہ ہمارے جوان اور افسران روزانہ کی بنیاد پر قربانیاں دے رہے ہیں اور یہ سلسلہ جاری رہے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس جنگ میں ہر ایک پاکستانی کو اپنا اپنا کردار ادا کرنا ہے اور سب اپنے حصے کا کردار ادا کرتے آرہے ہیں۔پاکستان کی سلامتی ، تحفظ اور استحکام کو ہر صورت میں یقینی بنایا جائے گا۔

قبل ازیں اپیکس کمیٹی کے اجلاس میں اتفاق رائے سے بلوچستان میں ایک جامع فوجی آپریشن کا فیصلہ کیا گیا۔ شرکاء کو نہ صرف تفصیلی بریفنگ دی گئی بلکہ ان کی مشاورت سے مختلف دیگر درکار اقدامات کی منظوری بھی دی گئی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اس موقع پر کہا کہ ہمارا پہلا اور آخری مشن ملک سے دہشت گردی کا خاتمہ کرنا ہے تاہم احتجاج وغیرہ کے نام پر کسی کو انتشار پیدا کرنے کی اجازت بھی نہیں دی جائے گی اور ایسے تمام عناصر سے سختی کے ساتھ نمٹا جائے گا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
WhatsApp