GHAG

لاشوں کی سیاست اور جاری پروپیگنڈا

 بشریٰ بی بی نے رابطے پر کہا کہ مجھے زبردستی گاڑی میں بٹھایا گیا،مریم وٹو

 عمران خان سنگجانی میں اجتماع پر راضی ہوگئے تھے مگر بشریٰ بی بی نہیں مانی، پارٹی رہنما

 بشریٰ بی بی ساڑھے گیارہ بجے علی امین گنڈاپور کی گاڑی میں مانسہرہ پہنچنے نکل گئیں، میڈیا رپورٹس

ہمیں علی امین گنڈاپور کی خیرات کی کوئی ضرورت نہیں وہ پشاور آئیں اور حساب دیں، عاطف حلیم

بشریٰ بی بی اور گنڈاپور کارکنوں کے خوف سے پشاور نہیں آئے، عرفان خان

کسی پر براہِ راست فائرنگ نہیں کی گئی، سیکورٹی ذرائع

پشاور (غگ رپورٹ) سیکورٹی اور حکومتی ذرائع نے پی ٹی آئی کی جانب سے جاری اس پروپیگنڈا اور الزام کو مسترد کردیا ہے کہ فورسز نے پارٹی کارکنوں پر براہ راست فائرنگ کی ہے اور یہ کہ اس تصادم میں بہت سے لوگ جاں بحق ہوگئے ہیں۔ سرکاری ذرائع کے مطابق براہ راست فائرنگ کا الزام لاشوں پر سیاست کرنے کی پی ٹی آئی کے بیانیے کا تسلسل ہے۔ اگر بعض کارکنوں کا جانی نقصان ہوا ہے تو اس کے دیگر اسباب ہوں گے۔

بشریٰ بی بی ڈی چوک سے واپس نہیں جانا چاہتی تھیں، مریم ریاض وٹو

دوسری جانب بشریٰ بی بی کی بہن مریم ریاض وٹو نے ایک انٹرویو میں کہا  ہے کہ بشریٰ نے ان کے رابطے پر بتایا کہ وہ وہاں سے جانا نہیں چاہتی تھیں مگر انہیں دوسری گاڑی میں بٹھایا گیا اور مانسہرہ پہنچایا گیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق بشریٰ بی بی رات ساڑھے گیارہ بجے اپنی گاڑی سے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کی گاڑی میں منتقل ہوگئیں اور ویڈیوز میں صاف دکھائی دیتا ہے کہ وہ اپنی مرضی سے علی امین گنڈاپور کے ساتھ پیرسوہاوہ کے راستے مانسہرہ پہنچ گئی جہاں انہوں نے اسپیکر صوبائی اسمبلی بابر سلیم کے ہاں قیام کیا۔

وزیراعلیٰ اور بشری بی بی کارکنان کے خوف سے پشاور نہیں آئیں، عرفان خان

نوجوان صحافی عرفان خان کے مطابق وزیراعلیٰ اور بشریٰ بی بی کو لانے کے لیے اگلے روز پشاور سے ہیلی کاپٹر بھیج دیا گیا مگر وہ کارکنوں کے خوف سے پشاور نہیں آئیں کیونکہ کارکن دونوں کے اس طرح جانے یا بھاگنے پر سخت مشتعل ہیں۔

وزیراعلیٰ پشاور آکر کارکنوں کا سامنا کریں کہ ایسا کیوں کیا، رہنما پی ٹی آئی عاطف حلیم

پشاور سے تعلق رکھنے والے پارٹی کے ایک اہم رہنما عاطف حلیم نے “آزاد ڈیجیٹل” کو بتایا کہ ان سمیت کسی کو وزیراعلیٰ کی خیرات یا مدد کی کوئی ضرورت نہیں وہ پشاور آکر کارکنوں کا سامنا کریں کہ انہوں نے ان کے ساتھ ایسا کیوں کیا۔ عاطف حلیم نے کہا کہ ایک کروڑ روپے ان کے کسی ایک کارکن کی انگلی کی قیمت بھی نہیں ہے۔

جن کے کارکن شہید ہوئے ہو وہ ہنستے نہیں، سینئر صحافی وسیم عباسی

صحافی وسیم عباسی نے وزیر اعلیٰ  علی امین گنڈاپور، عمر ایوب اور بابر سلیم کی ایک تصویر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ جن لیڈروں کے کارکن شہید ہوگئے ہو وہ اس طرح ہنستے نظر نہیں آتے جو کہ یہ دکھائی دے رہے ہیں۔

یہ لوگ عمران خان کے ساتھ بھی ہاتھ کرگئے، سینئر صحافی عارف یوسفزئی

سینئر صحافی عارف یوسفزئی کے مطابق علی امین گنڈاپور اور بشریٰ بی بی نے صوبے کے وسائل استعمال کرنے کے علاوہ پارٹی کے کارکنوں کو بھی احتجاج کے نام پر استعمال کیا اور وہ  خود فرار ہوکر مانسہرہ میں دعوتیں اڑاتے رہے ۔ ان کے مطابق بشریٰ بی بی نے علی امین کو استعمال کیا یا علی امین نے ان کو استعمال کیا یہ بعد کی بات ہے تاہم تلخ حقیقت یہ ہے کہ یہ لوگ کارکنوں کے علاوہ عمران خان کے ساتھ بھی ہاتھ کرگئے اور یہی رویہ دوسرے مرکزی قائدین کا بھی رہا۔

پی ٹی آئی والے خود سوچیں کہ بشری بی بی پر کتنا اعتماد کیا جاسکتا ہے، ایمل ولی خان

دریں اثناء عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے مرکزی صدر ایمل ولی خان نے پریس کانفرنس میں کہا  ہے کہ بشریٰ بی بی اور علی امین گنڈاپور سمیت تقریباً تمام اہم لیڈروں کی کوشش ہے کہ عمران خان جیل میں پڑا رہے اور ان کی سیاست اور لیڈری قائم رہے تاہم حالیہ ایونٹ کے دوران بشریٰ بی بی کا جو کردار سامنے آیا ہے یہ پی ٹی آئی کے لیے خود سوچنے کی بات ہے کہ موصوفہ پر کتنا اعتماد کیا جاسکتا ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
WhatsApp