GHAG

یوم دفاع پر خصوصی تقریبات

اے وسیم خٹک

چھ ستمبر یومِ دفاع و شہداء پاکستان کی اہمیت ہر محب وطن پاکستانی کے دل میں جاگزیں ہے۔ یہ وہ دن ہے جب 1965ء میں ہمارے شہداء نے اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر وطنِ عزیز کا دفاع کیا اور اپنی لازوال قربانیوں کی بدولت ملک کی بقا کو ممکن بنایا۔ اِسی عظیم دن کی مناسبت سے ہر سال مختلف تقریبات منعقد کی جاتی ہیں جن کا مقصد شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کرنا اور ان کی قربانیوں کو یاد کرنا ہوتا ہے۔ امسال پشاور کے کرنل شیر خان شہید اسٹیڈیم میں پاک فوج کے زیرِاہتمام ایک منفرد اور شاندار تقریب منعقد کی گئی جو اپنے نوعیت کی ایک یادگار تقریب تھی۔

پروگرام کا آغاز صبح کے سیشن سے ہوا، جس میں خاص طور پر اسکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیوں کے طلبہ و طالبات کو مدعو کیا گیا تھا۔ اسٹیڈیم میں پہلی بار پشاور کے عوام کے لیے پاک فوج کے زیرِ استعمال اسلحہ اور جنگی ساز و سامان کی نمائش کی گئی، جسے دیکھ کر نوجوانوں میں جوش و جذبہ عروج پر تھا۔ پاک فوج کی اس محنت کا مقصد طلبہ کو یہ باور کرانا تھا کہ جنگ کے میدان میں فوجی جوانوں کو کن کن چیلنجز کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور وہ کس طرح اپنی جان ہتھیلی پر رکھ کر ملک کا دفاع کرتے ہیں۔

نماز کے بعد فیملیز کے لیے مخصوص سیشن کا آغاز ہوا، جس میں پاک فوج کے جوانوں نے عملی مظاہرے پیش کیے۔ ہیلی کاپٹر، جنگی جہازوں کی پروازوں اور جدید جنگی مہارتوں کا مظاہرہ دیکھ کر لوگ حیرت میں ڈوب گئے۔ پاک آرمی کے کمانڈوز نے مارشل آرٹس کے گر دکھائے اور یہ واضح کیا کہ کس طرح وہ دشمنوں سے نبرد آزما ہوتے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ مختلف علاقوں کے روایتی رقص پیش کیے گئے جن میں خٹک ڈانس، راس بینڈ، بیٹنی، محسود اور چترالی فوک ڈانس شامل تھے۔ اس ثقافتی جھلک نے تقریب کو مزید رنگین اور یادگار بنا دیا۔

پروگرام میں شریک نوجوانوں نے جوش و ولولے سے پاک فوج کے کام کی تعریف کی اور اس اقدام کو سراہا۔ والدین کا کہنا تھا کہ ایسے پروگرامز بچوں میں جذبہ بیدار کرنے کا ذریعہ بنتے ہیں اور انہیں یہ سمجھنے کا موقع ملتا ہے کہ یومِ دفاع کی اہمیت کیا ہے اور ہماری فوج کن کن محاذوں پر دشمن کا مقابلہ کرتی ہے۔

یہ تقریب نہ صرف ایک تفریحی ایونٹ تھا بلکہ عوام کو پاک فوج کی جنگی مہارتوں اور قربانیوں سے روشناس کروانے کا ذریعہ بھی تھا۔ پشاور کی تاریخ میں اس پروگرام کو ایک یادگار تقریب کے طور پر ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ چھ ستمبر کی اس تقریب نے عوام کو نہ صرف شہداء کی قربانیوں کی یاد دلائی بلکہ پاک فوج کے جوانوں کی خدمات کو قریب سے دیکھنے کا موقع بھی فراہم کیا۔

والدین کی طرف سے اس بات پر زور دیا گیا کہ ایسے پروگرامز کا تسلسل برقرار رہنا چاہیے تاکہ بچوں میں وطن سے محبت اور فوج کی خدمات کے لیے جذبہ مزید بڑھایا جا سکے۔ جب عوام کو عملی طور پر یہ دکھایا جائے کہ فوج کس طرح ملک کی سرحدوں کی حفاظت کرتی ہے تو نہ صرف فوج کا مورال بلند ہوتا ہے بلکہ عوام میں فوج کے ساتھ قربت کا احساس بھی پیدا ہوتا ہے۔

چھ ستمبر کے اس پروگرام نے پشاور کے عوام کو ایک نئی یاد دی اور اس بات کی یقین دہانی کرائی کہ پاک فوج ہر محاذ پر چوکنا اور تیار ہے۔ یہ تقریب عوام اور فوج کے درمیان اعتماد اور تعلق کو مضبوط کرنے کا ایک اہم ذریعہ بنی اور اسے پشاور کی تاریخ میں ایک اہم سنگِ میل کے طور پر ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
WhatsApp

Related Posts