GHAG

ڈیرہ اسماعیل خان میں دہشت گردوں کا حملہ، 10 ایف سی اہلکار شہید

 دہشتگردوں نے ڈی آئی خان کے علاقے درازندہ میں زام ایف سی چیک پوسٹ پر رات کی تاریکی میں حملہ کیا، وزارت داخلہ

شہید 6 جوانوں کا تعلق جنوبی وزیرستان اور 4 جوانوں کا تعلق ضلع کرک سے ہے، وزارت داخلہ

پشاور(غگ رپورٹ) خیبرپختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں زام ایف سی چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کے حملے میں 10 اہلکار شہید اور تین زخمی ہوگئے۔

ترجمان وزارت داخلہ کے مطابق فتنہ خوارج کے دہشتگردوں نے ڈیرہ اسمٰعیل خان کے علاقے درازندہ میں زام ایف سی چیک پوسٹ پر رات کی تاریکی میں بھاری ہتھیاروں سے حملہ کیا، خارجی دہشتگردوں کا بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے ایف سی کے 10 جوان شہید اور 3 زخمی ہوگئے۔

ترجمان کے مطابق شہید جوانوں نے جانیں نچھاور کرکے خوارجی دہشتگردوں کا چیک پوسٹ پر حملہ ناکام بنایا، شہید ہونے والے ایف سی کے 6 جوانوں کا تعلق جنوبی وزیرستان جبکہ 4 جوانوں کا تعلق ضلع کرک سے تھا۔

ترجمان کے مطابق شہداء میں نائب صوبیدار محمد جان، نائیک عارف، لانس نائیک سعید الرحمٰن، سپاہی اخونزادہ اور سپاہی حضرت اللہ، سپاہی مشتاق، سپاہی عبدالصمد، سپاہی عمران، سپاہی بصیر اور سپاہی مہتاب شامل ہیں۔

زخمی ایف سی اہلکاروں نائیک حمزہ، سپاہی حسن اور سپاہی صابر ایوب کو علاج کے لیے سی ایم ایچ ڈیرہ اسمٰعیل خان منتقل کردیا گیا۔

وزیرداخلہ محسن نقوی کی مذمت

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے ڈیرہ اسمٰعیل خان میں ایف سی چیک پوسٹ پر خوارجی دہشت گردوں کے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہید ایف سی کے 10 اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے شہداء کے خاندانوں سےدلی ہمدردی و اظہار تعزیت کیا، ان کا کہنا تھا کہ ایف سی اور پولیس اہلکاروں نے شہادت کا اعلی مرتبہ پایا، شہدا کی عظیم قربانیوں کو فراموش نہیں کیا جاسکتا۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ شہدا ہمارے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہیں گے، ملک میں امن کے لیے قیمتی جانیں قربان کرنے والے شہدا کی قربانیوں کا قرض نہیں اتار سکتے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
WhatsApp

Related Posts