پشاور(عرفان خان)خیبرپختونخوا میں رواں سال 7 ماہ کے دوران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور اور گورنر فیصل کریم کنڈی کا آبائی ضلع ڈیرہ اسماعیل خان شدت پسندی کے متاثرہ اضلاع میں سرفہرست رہا۔
کاونٹر ٹیرازم ڈیپارٹمنٹ ( سی ٹی ڈی )رپورٹ کے مطابق خیبر پختونخوا میں رواں سال دہشتگرد حملوں میں 563 افراد شہید اور زخمی ہوئے، سب سے زیادہ 76 پولیس اہلکار شہید جبکہ 113 زخمی ہوئے۔رواں سال 7 ماہ کے دوران 65 عام شہری شہید جبکہ 98 افراد زخمی ہوئے، فورسز کے 39 جوان شہید اور 87 زخمی ہوئے، ایف سی کے 29 اہلکار شہید اور 41 ایف سی جوان زخمی ہوئے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ڈی آئی خان میں دہشتگردوں نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے 7 افراد کو شہید جبکہ 2 اہلکاروں کو زخمی کیا۔رواں سال اب تک دہشتگردوں نے باجوڑ اور شمالی وزیرستان میں 4 سیاستدانوں کو شہید اور 2 کو زخمی کیا۔
رپورٹ کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان میں سب سے زیادہ 23 پولیس اہلکار شہید اور 23 زخمی ہوئے، بنوں میں 12 پولیس اہلکار شہید اور 12 زخمی ہوئے، باجوڑ میں 11 اہلکار شہید اور 32 زخمی ہوئے۔ اسی طرح پشاور میں دہشتگردوں کے ہاتھوں 11 پولیس اہلکار شہید جبکہ 11 زخمی ہوئے۔