GHAG

خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں کارروائیاں، 8 دہشت گرد ہلاک

ڈیرہ اسماعیل خان میں کارروائی کے دوران اہم کمانڈر سمیت 5 دہشت گرد ہلاک

ژوب، بلوچستان میں عوام نے 3 حملہ آور ہلاک کردیے، رپورٹس

چمن میں ریلوے اسٹیشن کے قریب دھماکہ سے 3 افراد زخمی

لکی مروت سے اغواء ہونے والے سرکاری اہلکاروں کی بازیابی کے لیے کارروائیاں جاری ہیں، حکام

پشاور (غگ رپورٹ) خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے مختلف علاقوں میں فورسز اور عوامی حلقوں کی جانب سے کی جانے والی کارروائیوں میں ایک اہم دہشت گرد کمانڈر سمیت 8 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا جبکہ چمن میں ریلوے اسٹیشن کے قریب دھماکہ سے 3 افراد زخمی ہوگئے۔

فورسز کی جانب سے پہلی کارروائی ہفتے کے روز ڈیرہ اسماعیل کے تحصیل لاچی میں کی گئی جس کے نتیجے میں ایک اہم طالبان کمانڈر شفیع سمیت 5 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا۔اسی طرح بلوچستان کے ضلع ژوب میں دہشت گردوں کے ایک گروپ نے عوام کے اندر رہتے ہوئے کارروائی کی کوشش کی تو ان کا گھیراؤ کرتے ہوئے عوام نے 3 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا جن کا تعلق کالعدم ٹی ٹی پی سے بتایا جاتا ہے۔

دوسری جانب کرم میں ہفتہ کی صبح پولیس کی ایک گاڑی پر مسلح افراد نے فائرنگ کی تاہم پولیس کی جوابی کارروائی سے حملہ آور فرار ہوگئے۔ فورسز نے لکی مروت کے بعض علاقوں میں سرچ آپریشن کیے تاکہ سرکاری ملازمین پر مشتمل ان مغویوں کو بازیاب کرایا جائے جن کو گزشتہ روز کالعدم ٹی ٹی پی نے اغواء کیا ہے تاہم کوئی اہم پیشرفت نہ ہوسکی۔

کالعدم ٹی ٹی پی نے مذکورہ مغویوں کی ایک اور ویڈیو جاری کردی ہے جس میں ان سے کہلوایا گیا کہ حکام اور حکومت اغواء کاروں کے مطالبات تسلیم کرتے ہوئے ان کی رہائی کا راستہ ہموار کردیں۔ سیکورٹی حکام کے مطابق علاقے کے بعض مشران کے ذریعے مغویوں کی بازیابی کے لیے رابطے جاری ہیں تاہم ناکامی کی صورت میں آپریشن سمیت دیگر آپشنز پر بھی کام کیا جاچکا ہے۔

(11جنوری 2025)

Facebook
Twitter
LinkedIn
WhatsApp

Related Posts