صوبائی حکومت کے پاس صوبے میں امن و امان کی فضا کو بحال رکھنے کیلئے کوئی ویژن نہیں، انجنیئر امیرمقام
صوبے میں دہشت گردی کی لہر کو بروقت نہ روکا گیا تو یہ لہر پورے ملک میں پھیل جائیگی، پشاور میں پریس کانفرنس
پشاور (غگ رپورٹ) وفاقی وزیر و رہنما مسلم لیگ ن انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ صوبے کو امن و امان کی بگڑتی صورتحال کی وجہ سے شدید چیلنجز کا سامنا ہے اور صوبائی حکومت کے پاس صوبے میں امن و امان کی فضا کو بحال رکھنے کیلئے کوئی ویژن نہیں ہے۔
پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر صوبے میں دہشت گردی کی لہر کو بروقت نہ روکا گیا تو یہ لہر پورے ملک میں پھیل جائیگی جس کو روکنا مشکل ہو جائیگا لیکن یہ بات افسوس ناک ہے کہ صوبے کا وزیر اعلی کہتا ہے کہ وہ افغانستان کی حکومت سے امن کی بحالی کیلئے مذاکرات کرینگے جو ایک وفاقی معاملہ ہے اور صوبائی حکومت کا دہشت گردی کے حوالے سے موقف حیران کن ہے جس سے باہر کے ممالک کو برا پیغام جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت صوبے میں امن کے قیام کو یقینی بنائے کیونکہ صوبے کے عوام شام کو گھروں سے باہر نہیں نکل سکتے۔صوبے کے امن و امان کے قیام کیلئے گورنرراج ایک آخری آپشن ہوگا۔
انجنیئر امیرمقام کا کہنا تھا کہ لاہور کے جلسہ کو کامیاب بنانے کیلئے صوبے کے وسائل کا بے دریغ استعمال کیا گیا اور اس دن سرکاری ملازمین کو چھٹیاں دی گئی تاکہ وہ جلسہ میں شرکت کر سکے۔لاہور جلسہ ایک فلاپ شو تھا کیونکہ لاہور کے عوام نے پی ٹی آئی کو مسترد کردیا ہے، عوام اب پی ٹی کا اصل چہرہ پہچان چکی ہے۔