GHAG

پاکستانی وزیر خارجہ اسحاق ڈار کا دورہ کابل جلد متوقع

ٹی ٹی پی کے معاملے پر حتمی تبادلہ خیال ہوگا ، ذرائع

پشاور ( غگ رپورٹ) سفارتی اور صحافتی حلقوں نے انکشاف کیا ہے کہ پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار آیندہ چند دنوں کے دوران کابل کا دورہ کرنے والے ہیں جس کی تیاری حتمی مراحل میں ہے ۔ ان کے وفد میں دوسرے متعلقہ حکام کے علاوہ سیکرٹری خارجہ اور افغانستان کے لیے پاکستان کے خصوصی نمائندے آصف درانی بھی شامل ہوں گے ۔ گزشتہ دو ڈھائی برسوں کے دوران کسی پاکستانی وزیر خارجہ کا یہ کابل کا پہلا دورہ ہوگا ۔ اس سے قبل وزیر مملکت برائے خارجہ امور حنا ربانی کھر کابل گئی تھیں مگر اس دورے کا کوئی مثبت نتیجہ نہیں نکلا تھا ۔

ذرائع کے مطابق اس دورے کے دوران افغانستان میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان کی موجودگی اور افغان سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال کرنے کا معاملہ ٹاپ ایجنڈے پر ہوگا ۔

قبل ازیں افغانستان کے عبوری وزیر اطلاعات ذبیح اللہ مجاہد نے ایک بیان میں کہا ہے کہ افغانستان اپنے پڑوسی ملک پاکستان کے ساتھ بہتر تعلقات کا خواہاں ہے اور اگر  افغان سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال کرنے والوں کے کوئی ثبوت ہیں تو وہ انہیں دیے جائیں، وہ خود کارروائی کریں گے ۔ ان کے بقول افغانستان کے خلاف کارروائیاں کرنے کی اطلاعات پر ان کو سخت تشویش ہے اور اگر ایسا کیا گیا تو افغانستان اپنے دفاع کا حق محفوظ رکھتے ہوئے ہر ممکن ردعمل دکھائے گا ۔

یاد رہے کہ اس سے قبل گزشتہ دو برسوں کے دوران افغانستان کے بعض سرحدی علاقوں میں دو تین فضائی کارروائیاں کر چکا ہے اور نیشنل ایکشن پلان کی اپیکس کمیٹی کے اہم اجلاس کے بعد سفارتی اور صحافتی حلقوں میں اس قسم کی اطلاعات زیر گردش ہیں کہ پاکستان مستقبل قریب میں افغانستان کے اندر ٹی ٹی پی کے مبینہ ٹھکانوں کے خلاف مزید کارروائیاں کرسکتا ہے ۔ تاہم وزیر خارجہ نے ایک حالیہ بیان میں کہا ہے کہ افغانستان ہمارا پڑوسی ملک ہے اور ہم نہ صرف یہ کہ اس کے ساتھ اچھے تعلقات چاہتے ہیں بلکہ ہم اس ملک کے امن اور استحکام کے بھی خواہاں ہیں ۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
WhatsApp

Related Posts