GHAG

خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں سیکورٹی فورسز کی کارروائیوں کا سلسلہ جاری

ٹانک اور ضلع خیبر میں دو انٹلیجنس بیسڈ آپریشنز کے نتیجے میں 8 دہشت گرد ہلاک

کرم میں مزید مورچے تباہ، فورسز کی نگرانی میں آپریشن کلین اپ جاری

کرم سمیت پورے ملک میں جلد پائیدار امن قائم ہوجائے گا، وزیر اعظم

پاکستان کی ریاست اور عوام کو اپنی بہادر فورسز کی کارروائیوں اور قربانیوں پر فخر ہے، صدر مملکت

پشاور (غگ خصوصی رپورٹ) سیکورٹی فورسز نے گزشتہ دو تین دن کے دوران خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں  36 سے زائد دہشت گردوں کو ہلاک کردیا ہے جبکہ بڑی مقدار میں اسلحہ اور بارودی مواد برآمد کرلیا گیا ہے۔

اس سلسلے میں فورسز نے گزشتہ روز دو مختلف انٹلیجنس بیسڈ آپریشنز کرتے ہوئے خیبرپختونخوا کے ضلع ٹانک میں میں 6 جبکہ ضلع خیبر کی وادی تیراہ میں 2 مطلوب دہشت گردوں کو ہلاک کردیا ہے ۔ اس سے قبل صوبہ بلوچستان کے علاقے کچھی میں ایک کامیاب کارروائی کے نتیجے میں 27 دہشت گردوں کو کسی نقصان کے بغیر ٹھکانے لگایا گیا۔

دوسری جانب فورسز کی نگرانی میں اپیکس کمیٹی اور گرینڈ جرگہ کے فیصلوں کے مطابق شورش زدہ کرم میں برسوں سے قائم مورچوں (بنکرز) کو اڑانے کا کام جاری ہے۔ ذرائع کے مطابق گزشتہ دو تین دنوں میں تقریباً ایک درجن مورچے اڑائے گیے اور مزید کے گرانے کا عمل یکم فروری تک جاری رہے گا۔کرم کو منگل کے روز بھی اشیائے خوردونوش پہنچانے کا سلسلہ جاری رہا اور تقریباً 40 ٹرک پہنچائے گئے۔مقامی صحافی شاہد حسین نے رابطے پر بتایا کہ کرم کے حالات معمول پر آنے لگے ہیں تاہم گزشتہ کئی مہینوں کے دوران عوامی مشکلات اور نقصانات کی شدت اتنی زیادہ رہی ہے کہ عوام اور کاروباری کو اب بھی بہت مسائل درپیش ہیں۔ ان کے مطابق عوام کی اکثریت اس صورتحال کی ذمہ داری صوبائی حکومت پر ڈالتی ہے اور عوام اب بھی صوبائی حکومت کی کارکردگی اور اقدامات سے مطمئن نہیں ہیں۔

وزیراعظم شہبازشریف کا حالیہ پیش رفت پر اظہار اطمینان

وزیر اعظم شہباز شریف نے حالیہ پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے منگل کے روز اپنے ایک بیان میں کہا کہ کرم میں مورچے گرانے کا عمل تیزی کے ساتھ جاری ہے جبکہ کرم سمیت پورے صوبے اور ملک سے دہشتگردی کے خلاف عسکری اداروں کی کارروائیاں بھی کامیابی کے ساتھ جاری ہیں۔ ان کے بقول بہت جلد قوم کو دہشتگردی سے نجات مل جائے گی۔

صدر مملکت کا کامیاب کارروائیوں پر اظہار اطمینان

صدر مملکت آصف علی زرداری نے بھی حالیہ کامیاب کارروائیوں پر اطمینان کا اظہار کیا ہے اور ایک بیان میں کہا ہے کہ ملک اور عوام کو اپنی فورسز کی کارروائیوں اور قربانیوں پر فخر ہے۔

(15 جنوری 2025)

Facebook
Twitter
LinkedIn
WhatsApp

Related Posts