صوبے میں سیکورٹی چیلنجز کا نوٹس لیا جائے، فورسز کی قربانیاں سب کے سامنے ہیں
وزیر اعلیٰ صوبے کے مسائل اور چیلنجز پر توجہ دیں، گورنرخیبرپختونخوا کی گفتگو
پشاور (غگ رپورٹ) خیبرپختونخوا کے گورنر فیصل کریم کنڈی نے ایک بار پھر وزیر اعلیٰ اور پی ٹی آئی کی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ ہر مہینے وفاقی حکومت پر چڑھائی کرنے اور نان ایشوز پر وقت ضائع کرنے کی بجائے صوبے کے سیکورٹی اور انتظامی چیلنجز پر توجہ مرکوز کریں کیونکہ خیبرپختونخوا کو بدترین نوعیت کے حالات کا سامنا ہے اور صوبائی حکومت ہمیں کچھ کرتی نظر نہیں آتی۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ امن کے لیے فورسز کی مسلسل کارروائیاں اور قربانیاں سب کے سامنے ہیں اور اگر فوج نہ ہوتی تو وزیر اعلیٰ سمیت سب کو پتہ چل جاتا کہ صورتحال کس قدر خطرناک ہے اور صوبائی حکومت کی صلاحیت کتنی ہے۔
ایک سوال کے جواب میں گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پی ٹی آئی اور اس کی حکومت ہر دوسرے تیسرے ہفتے وفاق اور ریاستی اداروں پر چڑھ دوڑنے نکل آتی ہیں حالانکہ صوابی کے حالیہ اجتماع اور اس سے قبل کی ایونٹس سے یہ بات ثابت ہوچکی ہے کہ عوام تو کیا ان کے اپنے کارکن بھی اب ان کے ساتھ نہیں نکل رہے اس لیے وزیر اعلیٰ اس قسم کی مہم جوئی سے باز آکر صوبے کے مسائل خصوصی طور پر سیکورٹی چیلنجز پر توجہ مرکوز کریں۔