پانچ رکنی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کی سربراہی آئی جی اسلام آباد پولیس کریں گے، وزارت داخلہ کا اعلامیہ
اسلام آباد (غگ رپورٹ) سوشل میڈیا پر بدنیتی پر مبنی مہم کے ذریعے ملک میں افراتفری اور بے نظمی پھیلانے والوں اور ڈیجیٹل دہشت گردی کے خلاف تحقیقات کیلئے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم تشکیل دیدی گئی۔
وفاقی وزارت داخلہ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق آئی جی اسلام آباد پولیس کی سربراہی میں مشترکہ تحقیقاتی ٹیم ملزمان کی نشاندہی کرے گی جس کے بعد ان کے خلاف قانون کے مطابق مقدمہ چلایا جائے گا۔
اعلامیے کے مطابق آئی جی اسلام آباد پولیس مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کے کنوینر ہوں گے جبکہ ڈائریکٹر ایف آئی اے سائبر کرائم، ڈائریکٹر کاؤنٹر ٹیرر ازم ونگ ایف آئی اے، ڈی آئی جی انسویسٹی گیشن اسلام آباد پولیس اور ایس ایس پی سی ٹی ڈی اسلام آباد پولیس جے آئی ٹی کے اراکین ہوں گے۔
واضح رہے کہ22 جولائی کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے پریس کانفرنس کے دوران کہا تھا کہ ’سوشل میڈیا پر فوج اور اس کی قیادت کے خلاف جھوٹا بیانیہ پھیلایا جا رہا ہے، جہاں ’ڈیجیٹل دہشت گرد‘ معاشرے پر اپنی مرضی مسلط کرنے کے لیے موبائل فون، کمپیوٹر، جھوٹ اور پروپیگنڈے جیسے آلات کا استعمال کر رہے تھے۔