صوبائی حکومت کو احتجاج اور جلسے جلوسوں سے فرصت نہیں ہے، گورنرخیبرپختونخوا
احتجاج سے ان کے لیڈر کی رہائی ممکن نہیں ہے،میڈیا سے گفتگو
پشاور (غگ رپورٹ) خیبرپختونخوا کے گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ صوبے کی سیکورٹی صورتحال دن بدن خراب ہوتی جارہی ہے مگر صوبائی حکومت کو احتجاج اور جلسے جلوسوں سے فرصت نہیں ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ لاء اینڈ آرڈر کی جاری صورتحال پر بھرپور توجہ دینے کی اشد ضرورت ہے کیونکہ ہر روز نہ صرف سیکورٹی فورسز کے ہمارے جوان شہید ہورہے ہیں بلکہ عوام بھی نشانہ بنتے آرہے ہیں۔ ان کے بقول صوبائی حکومت اپنی بنیادی فرائض سے غافل ہے اور حکمرانوں کی تمام توجہ اپنے لیڈر کی رہائی پر مرکوز ہے حالانکہ اس کام کے لیے عدالتیں موجود ہیں اور ان کو معلوم ہونا چاہیے کہ احتجاج وغیرہ سے کسی کی رہائی ممکن نہیں ہے۔
گورنر خیبرپختونخوا نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ صوبے کے سرکاری وسائل کا سیاسی مقاصد کے لئے بے دریغ استعمال قابل مذمت ہے اور اس رویے سے گریز کرنے کی ضرورت ہے مگر سرکاری ملازمین اور وسائل کا کھلے عام استعمال جاری ہے اور صوبائی حکومت منفی طرزِ عمل پر عمل پیرا ہے۔