GHAG

جاری حملے سی پیک اور دیگر منصوبوں کو ناکام بنانے کی کوششوں کی کڑی ہے، پروفیسر ڈاکٹر قبلہ آیاز

پشاور ( غگ رپورٹ ) ممتاز مذہبی سکالر اور اسلامی نظریاتی کونسل کے سابق چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر قبلہ آیاز نے خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں دہشتگردی کی جاری لہر کو ملک میں عدم استحکام پیدا کرنے کے علاوہ سی پیک اور بعض دیگر اہم منصوبوں کو ناکام بنانے کی سازشوں کا نتیجہ قرار دیا ہے اور کہا کہ اس صورتحال سے نمٹنے کیلئے مشاورت کرکے “عزم استحکام ” اور دیگر اقدامات کو قومی اتفاق رائے سے یقینی بنایا جائے ۔

 سنو پختونخواایف ایم ریڈیو نیٹ ورک سے خصوصی گفتگو میں انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک نئے دور میں داخل ہونے جارہاہے اس لیے اس کی تعمیر وترقی کا راستہ روکنے کے لیے سیاسی عدم استحکام کے علاوہ خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں دہشت گردی کو فروغ دیا جارہا ہے اور دہشت گردی کی جاری لہر اسی سلسلے کی کڑی ہے ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ” عزم استحکام ” سمیت تمام ایسے اقدامات کو ماضی کے واقعات اور کارروائیوں کے تناظر میں دیکھتے ہوئے قومی اتفاق رائے سے آگے بڑھانے کی ضرورت ہے اس سلسلے میں حکومت کا یہ اعلان خوش آئند ہے کہ فورسز کی جاری کارروائیوں کو ماضی کے آپریشنز کے برعکس انٹلیجنس بیسڈ آپریشنز کے ذریعے توسیع دی جائے گی ۔ ان کے بقول ضرورت اس بات کی ہے کہ یہ کارروائیاں فوکسڈ ہو تاکہ مطلوبہ مقاصد حاصل کیے جائیں اور پاکستان کو محفوظ بنایا جائے ۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
WhatsApp

Related Posts