خیبرپختونخوا میں 4 دنوں کے دوران تقریباً ایک درجن خوارج ہلاک، متعدد زخمی اور گرفتار
خیبرپختونخوا میں کیپٹن سمیت متعدد جوان آپریشنز کے دوران شہید
پشاور سے بڑے حملوں کی پلاننگ کرنے والے داعش کے 3 دہشت گرد بھی گرفتار
بنوں، خیبر اور شمالی وزیرستان میں پاک فوج کی بڑی کارروائیاں
میانوالی میں آپریشن کے دوران 5 حملہ آور ہلاک متعدد زخمی
پشاور (غگ رپورٹ) گزشتہ چند دنوں کے دوران خیبرپختونخوا اور پنجاب کے مختلف علاقوں میں پاک فوج اور پیراملٹری فورسز نے ریکارڈ کارروائیاں کرتے ہوئے تقریباً ایک درجن خوارج کو ہلاک جبکہ متعدد کو زخمی اور گرفتار کرلیا جن میں داعش کے 3 وہ دہشت گرد بھی شامل ہیں جو کہ سیاسی جماعتوں، فورسز پر حملوں کی منصوبہ بندی کررہےتھے کہ پشاور میں گرفتار کیے گئے۔
فورسز کی جانب سے سب سے بڑی کارروائی گزشتہ روز بنوں کے علاقے بکاخیل میں کی گئی جس کے نتیجے میں 5 خوارج ہلاک کیے گئے اور 9 کو گرفتار کرلیا گیا۔ پاک فوج کی اس کارروائی میں 29 سالہ سپاہی افتخار حسین شہید ہوگئے ۔
دوسری کارروائی کے دوران ضلع خیبر میں سیکورٹی فورسز نے 3 خوارج کو ہلاک کردیا تاہم فائرنگ کے شدید تبادلے میں پاک فوج کے 25 سالہ کیپٹن زوہیب شہید ہوگئے ۔ دونوں شہداء کی پشاور ، بنوں اور لاہور میں سرکاری اعزاز کے ساتھ نماز جنازہ ادا کی گئیں ۔ وزیر اعظم کے علاوہ پشاور اور لاہور کے کور کمانڈرز بھی ان کی جنازوں میں شریک ہوئے ۔ قبل ازیں 27 نومبر کو فورسز نے ضلع خیبر کے علاقے باغ میں آپریشن کرتے ہوئے باتور نامی مطلوب کمانڈر سمیت 3 خوارج کو ہلاک کردیا ۔
جنوبی پنجاب میں بھی پولیس اور پیرا ملٹری فورسز نے مختلف کارروائیوں کے دوران 35 دہشت گرد گرفتار کیے جبکہ ضلع میانوالی کی تحصیل عیسیٰ خیل میں واقع ایک تھانے پر تقریباً 20 دہشت گردوں کے حملے کے جواب میں 5 خوارج کو ہلاک کردیا گیا۔ اسکے علاوہ متعدد دیگر علاقوں میں بھی کارروائیاں کی گئیں۔
دوسری جانب خیبرپختونخوا پولیس پر گزشتہ دو تین دنوں میں دہشت گرد حملے کیے گئے ۔ اتوار کے روز ڈی آئی خان میں ایک مسلح گروپ نے پہاڑ پور پولیس اسٹیشن پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں ایک سب انسپکٹر میر غلام کی شہادت اور دو پولیس اہلکاروں کی اطلاعات ملی ہیں۔ خوارج کے ایک گروپ نے اتوار ہی کو ضلع بنوں کے تھانہ بسیہ پر حملہ کیا تاہم پولیس نے اس حملہ کو پسپا کردیا ۔ اسی دوران عوامی حلقوں نے بنوں کے شورش زدہ علاقے بکا خیل میں ایک کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کو پناہ دینے اور دہشتگردی کے مختلف واقعات میں ملوث توحیدی نامی مقامی کمانڈر کے گھر اور ٹھکانے کو مسمار کردیا۔