GHAG

پاکستانی فورسز کی افغانستان کے صوبہ کنڑ میں کارروائیاں

گزشتہ رات تین مختلف مقامات کو راکٹ حملوں کا نشانہ بنایا گیا، ذرائع

جن علاقوں کو نشانہ بنایا گیا وہاں کالعدم ٹی ٹی پی اور دیگر کی موجودگی کی اطلاعات تھیں، ذرائع

پشاور (غگ خصوصی رپورٹ) پاکستان کی بارڈر فورسز نے جمعہ کی شب تقریباً 12 بجے افغانستان کے صوبہ کنٹر پر راکٹوں سے متعدد حملے کئے جس کے نتیجے میں ابتدائی طور پر متعدد ہلاکتوں کی اطلاعات ہیں۔ معتبر ذرائع نے “غگ” کو بتایا کہ ان راکٹ حملوں کے دوران صوبہ کنڑ کے تین مختلف مقامات چوگام، سرکانو اور دنگام کو نشانہ بنایا گیا اور بعض مبینہ ٹھکانوں پر درجنوں راکٹ برسائے گئے۔

باخبر افغان ذرائع نے بھی ان حملوں کی تصدیق کی ہے تاہم انہوں نے دعویٰ کیا ہے کہ ان حملوں میں سویلین علاقوں کو نشانہ بنایا گیا اور یہ کہ افغان سرحدی فورسز نے بھی جوابی کارروائی کرتے ہوئے پاکستان کے بعض پوسٹوں کو نشانہ بنایا۔

ذرائع کے مطابق گزشتہ شب سے مذکورہ سرحدی علاقوں میں کافی کشیدگی پائی جاتی ہے تاہم رسمی طور پر تاحال ان کارروائیوں یا جھڑپوں کی تصدیق نہیں ہوسکی ہے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل 24 دسمبر کو بھی پاکستان نے سرحدی افغان صوبے پکتیکا میں تین چار مقامات پر ائیر اسٹرایکس کئے تھے جس میں کئی اہم کمانڈرز کو ہلاک اور کالعدم ٹی ٹی پی کے پروپیگنڈا مرکز کو تباہ کیا گیا تھا۔

(10جنوری 2025)

Facebook
Twitter
LinkedIn
WhatsApp