GHAG

پختونخوا جل رہا ہے، انہیں 45 اور 47 کی فکر لگی ہوئی ہے، امیرحیدرخان ہوتی

21دسمبر 2024

عالمی مفادات کی جنگ پھر ادھر گھس آئی ہے، اس صورتحال پر خاموش نہیں رہیں گے، مردان میں طلبہ سے خطاب

مردان( غگ رپورٹ) خیبرپختونخوا کے سابق وزیراعلیٰ اور عوامی نیشنل پارٹی(اے این پی) کے مرکزی رہنما امیر حیدر خان ہوتی نے کہا ہے کہ عالمی اور علاقائی مفادات کی جنگ ایک بار پھر ہمارے ملک خصوصاً خیبرپختونخوا کے اندر لڑی جانے لگی ہے اور صوبہ بدامنی کی آگ میں جلنے لگا ہے مگر سیاسی فریقین کو کرسیوں اور اقتدار کی لڑائی سے فرصت نہیں ہے۔

مردان میں طلبہ کی ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعلیٰ نے کہا کہ خیبرپختونخوا کی سیکیورٹی صورتحال نے ایک بار پھر ایک بڑے مسئلے اور چیلنج کے طور پر سر اٹھایا ہوا ہے اور پورا صوبہ بدامنی کی آگ میں جلنے لگا ہے مگر سیاسی اسٹیک ہولڈرز کو فارم 45 اور فارم 47 کی بحث اور کشیدگی سے فرصت نہیں ہے کیونکہ وہ اقتدار اور کرسی کی لڑائی لڑنے میں مصروف عمل ہیں تاہم ان حالات پر خاموش نہیں رہا جائے گا اور دہشتگردی کے جاری لہر کے خلاف کھل کر آواز اٹھائیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ دوسروں کی جنگ ایک بار پھر ہماری سرزمین پر لڑی جانے لگی ہے مگر افسوسناک امر یہ ہے کہ ہمارے ارباب اختیار کو اقتدار کی لڑائی سے فرصت نہیں ہے۔ ہم نے اس سے قبل بھی دہشتگردی کا ڈٹ کر مقابلہ کیا ہے اور اب بھی کریں گے حالانکہ ہماری قربانیوں کا صلہ ہمیں یہ دیا گیا ہے کہ ہمیں عوامی نمائندگی سے محروم رکھا گیا اور صوبے پر ایسی حکومت مسلط ہے جس کو امن اور استحکام کے قیام سے سرے سے کوئی دلچسپی ہی نہیں ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
WhatsApp

Related Posts