GHAG

دہشت گردی کے خلاف پاکستان،ایران، چین اور روس ایک پیج پر

نیویارک میں ہونے والے وزراء خارجہ کے اجلاس میں اہم فیصلے ، ٹی ٹی پی ، مجید بریگیڈ اور دیگر کے خلاف ایکا

افغان طالبان کا کالعدم ٹی ٹی پی کو پناہ نہ دینے کا دعویٰ مسترد

پشاور (غگ رپورٹ) نیویارک میں پاکستان، چین، ایران اور روس کے وزرائے خارجہ اور دیگر اعلیٰ حکام نے خطے کی سیکیورٹی صورتحال کو افغان عبوری حکومت کی جانب سے دہشتگرد گروپوں کی سرپرستی کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ٹی ٹی پی اور متعدد بلوچ دہشت گرد گروپ نہ صرف افغانستان سے آپریٹ ہورہے ہیں بلکہ ان تمام سمیت متعدد دیگر کو افغانستان کے طالبان اور ان کی عبوری حکومت کی سرپرستی اور معاونت بھی حاصل ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اس اہم اجلاس کے دوران پاکستان اور چین نے تفصیلات کی بنیاد پر مشترکہ موقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ ٹی ٹی پی، بلوچ لبریشن آرمی اور مجید بریگیڈ جیسے گروپ افغانستان کی سرزمین استعمال کررہے ہیں اور یہ کہ یہ سب نہ صرف پاکستان بلکہ دیگر پڑوسی ممالک کے لئے بھی خطرہ بنے ہوئے ہیں۔ دونوں ممالک نے کاؤنٹر ٹیرارزم کی کوششوں کے لیے مشترکہ لائحہ عمل کی ضرورت پر زور دیا جس کی ایران اور روس نے بھی کھل کر تائید کی۔

اس موقع پر روس اور ایران نے اس بات پر سخت تشویش کا اظہار کیا کہ افغانستان کی سرزمین پاکستان اور دیگر کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال ہورہی ہے۔ دونوں ممالک نے افغانستان کی عبوری حکومت اور امارات اسلامیہ پر زور دیا کہ وہ اپنی سرزمین کو کسی اور کے خلاف استعمال نہ کرنے کے وعدوں اور دوحا معاہدے کی پاسداری کو یقینی بنائیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
WhatsApp