GHAG

لکی مروت میں عوام اور پولیس دہشت گردوں کے خلاف صف آراء

فتنہ الخوارج کے سہولت کار کو مار کر اس کا گھر جلادیا گیا

تیراہ میں فتنہ الخوارج کی جانب سے کواڈ کاپٹر کے استعمال کا انکشاف

پشاور (غگ رپورٹ) خیبرپختونخوا کے ضلع لکی مروت میں عوام نے پولیس کے ساتھ ملکر دہشت گردوں کے سہولت کار کو ہلاک کرتے ہوئے اس کا گھر نذر آتش کردیا اور اعلان کیا کہ علاقے میں کسی دہشت گرد یا اس کے سہولت کار کو نہیں چھوڑا جائے گا۔

لکی مروت میں عوامی امن کمیٹی اور پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ایک دہشت گرد حاجی منتظر آشنا کی سہولت کاری کے ثبوت ملنے پر اس کے بھائی عمران عرف علی کو ہلاک کردیا اور ان کے گھر کو آگ لگادی۔ اس موقع پر امن کمیٹی کے ارکان نے واضح کیا کہ اگر کسی نے آئندہ ایسی کوئی حرکت اور سہولت کاری کی تو ان کے ساتھ بھی یہی سلوک کیا جائے گا۔

دوسری جانب ضلع خیبر کے علاقے تیراہ میں فتنہ الخوارج کی جانب سے عوام اور سیکورٹی فورسز کے خلاف کواڈ کاپٹر کے استعمال کا انکشاف ہوا ہے۔ سیکورٹی اور عوامی حلقوں کے مطابق تیراہ کے کوکی خیل قبیلے کے علاقے میں دہشت گرد دوسری دہشت گردانہ سرگرمیوں کے علاوہ کواڈ کاپٹر بھی استعمال کرنے لگے ہیں اور اس کے ذریعے نہ صرف عوام بلکہ فورسز پر بھی حملوں کے شواہد ملے ہیں۔

سیکورٹی ذرائع کے مطابق اس قسم کی اطلاعات میں کوئی حقیقت نہیں ہے کہ فورسز نے عوام کے خلاف کوئی کارروائی کی ہو بلکہ حقیقت یہ ہے کہ کوکی خیل علاقے میں فتنہ الخوارج کے امن دشمن پھر سے سرگرم عمل ہوگئے ہیں اور فورسز ان کے خلاف مسلسل کارروائیاں کرتی آرہی ہیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
WhatsApp