خیبرپختونخوا اور بلوچستان کو مسلسل بدامنی کا سامنا رہا، وزیراعظم شہبازشریف
پاکستان کو جاری جنگ میں 130 ارب ڈالرز کا نقصان اٹھانا پڑا، وزیراعظم
دہشتگردی کی طرح ملک انتشاری ٹولے کی سرگرمیوں کا بھی شکار رہا، شہبازشریف
پشاور (غگ رپورٹ) وزیر اعظم شہباز شریف نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ پاکستان سے نہ صرف دہشتگردی اور بدامنی کا خاتمہ کیا جائے گا بلکہ انتشاریوں سے بھی سختی کے ساتھ نمٹا جائے گا۔
نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی میں ایک تقریب اور امن و امان سے متعلق منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کو جاری دہشت گردی کے باعث اگر ایک طرف فورسز اور عوام کی لازوال قربانیوں کا سامنا کرنا پڑا تو دوسری جانب ہمیں 130 ارب ڈالرز سے زائد کا اقتصادی نقصان بھی پہنچا تاہم ہماری بہادر فورسز نتائج کی پرواہ کئے بغیر امن کے قیام کو یقینی بنانے کی کوششیں کرتی آرہی ہیں اور بہت جلد نہ صرف ان دہشت گردوں کا خاتمہ کردیا جائے گا بلکہ حال ہی میں جو انتشاری ٹولہ اسلام آباد پر چڑھائی میں ملوث رہا ان کے عزائم کو بھی ہمیشہ کے لیے ناکام بنادیا جائے گا کیونکہ یہ قوتیں پاکستان کو ترقی کرنے نہیں دیتیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا اور بلوچستان کو غیر معمولی حالات کا سامنا ہے تاہم ان دونوں صوبوں کے حالات معمول پر لانے کے لیے تمام درکار اقدامات کئے جارہے ہیں اور جلد تعمیر وترقی کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔