GHAG

بشری بی بی کا دوست ملک پر الزام، پی ٹی آئی گومگو صورتحال سے دوچار

عمران خان مدینہ ننگے پاؤں جا کر آئے تو جنرل باجوہ کو فون آنا شروع ہوگئے کہ آپ کسے لے آئے، بشریٰ بی بی کا دعویٰ

بشریٰ بی بی کا بیان پارٹی کی پالیسی نہیں بلکہ  ان کا ذاتی بیان ہے، مشیراطلاعات خیبرپختونخوا

سیاست چمکانے کیلیے سعودی عرب پر الزام تراشی افسوسناک ہے، اسحاق ڈار

بشریٰ بی بی نے جس ملک پر الزام لگایا وہیں بیٹی کی شادی کی، عطا تارڑ

پشاور (غگ رپورٹ) بانی پی ٹی عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے ایک ویڈیو بیان میں دعویٰ کیا ہے کہ اس وقت کے وزیراعظم عمران خان جب مدینہ ننگے پاؤں گئے اور واپس آئے تو اس وقت کے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو کالز آنا شروع ہوگئیں کہ یہ آپ کس شخص کو لے آئے، ہمیں ایسے لوگ نہیں چاہئیں۔

ویڈیو بیان کے مطابق جنرل باجوہ کو کہا گیا کہ ہم تو ملک میں شریعت ختم کرنے لگے ہیں اور آپ ایسے شخص کو لےکر آئے۔ تب سے ہمارے خلاف گند ڈالنا شروع کردیا گیا، میرے خلاف گند ڈالا گیا ، بانی پی ٹی آئی کو یہودی ایجنٹ کہنا شروع کیا گیا۔

پی ٹی آئی کا بیان سے لاتعلقی کا اعلان

خیبرپختونخوا کے مشیراطلاعات بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ بشری بی بی کا بیان ذاتی ہے پارٹی پالیسی نہیں۔ پارٹی کی پالیسی پارٹی چیئرمین، سیکرٹری جنرل یا ترجمان ہی دے سکتا ہے، بشریٰ بی بی بانی چیئرمین کی اہلیہ ہیں، وہ جو کہہ رہی ہیں اس کی اپنی اہمیت ہے تاہم ان کا بیان پارٹی کی پالیسی نہیں۔

نائب وزیراعظم و وزیرخارجہ اسحاق ڈار کا ردعمل

نائب وزیراعظم اور وزیرخارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے بیان پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی عوام سعودی عرب سے اپنے قریبی تعلقات پر فخر کرتے ہیں، سعودی عرب نے پاکستان کے ہر مشکل وقت میں مدد کی ہے، سیاست چمکانے کیلیے سعودی عرب پر الزام تراشی افسوسناک ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پوائنٹ اسکورنگ کیلیے دیا گیا بیان مایوس کن ذہنیت کی عکاسی کرتا ہے، پاکستان کی خارجہ پالیسی پر سمجھوتہ کرنے سے باز رہنا چاہیے، سیاسی قوتوں کو اپنے معمولی سیاسی مقاصد کیلیے ایسے بیانات سے باز رہنا چاہیے۔

بشریٰ بی بی نے جس ملک پر الزام لگایا وہیں اپنی بیٹی کی شادی کی، وفاقی وزیراطلاعات

وفاقی وزیراطلاعات عطاتارڑ نے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ بشریٰ بی بی نے جس ملک پر الزام لگایا وہیں اپنی بیٹی کی شادی کی۔ اسی ملک نے انھیں تحائف دیے جنھیں بشریٰ بی بی نے بلیک مارکیٹ میں بیچ دیا، بشریٰ بی بی نے انتہائی غلیظ الزام لگایا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
WhatsApp

Related Posts