پی ٹی آئی کی سیاسی کمیٹی نے 15اکتوبر کو ڈی چوک اسلام آباد میں احتجاج کا اعلان کردیا
پی ٹی آئی کسی کے اشارے پر ملکی مفاد کے خلاف کام کررہی ہے، وفاقی وزیراطلاعات کا ردعمل
اس جماعت نے ہمیشہ ملک کے چہرے پر کالک ملنے کا کام کیا ہے، سینیٹر عرفان صدیقی
اسلام آباد()پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے شنگھائی تعاون تنظیم کے موقع پر دارالحکومت اسلام آباد میں احتجاج کا اعلان کردیا۔ گذشتہ روز پی ٹی آئی کی سیاسی کمیٹی نے ہنگامی اجلاس کے دوران 15اکتوبر کو احتجاج کا فیصلہ کردیا۔
دوسری جانب وفاقی حکومت کی جانب سے احتجاج کے اعلان پر سخت ردعمل سامنے آیا ہے اور مذکورہ اعلان کو ملکی مفاد کے خلاف اور شنگھائی تعاون تنظیم کو سبوتاژ کرنے کی کوشش قرار دیا ہے۔
وفاقی وزیراطلاعات عطاء تارڑ نے ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے نازک مرحلے پر اسلام آباد پر ایک اور چڑھائی نا صرف قابل قبول ہے بلکہ انتہائی قابل مذمت بھی ہے۔اس اعلان سے ظاہر ہوتا ہے کہ تحریک انصاف یا تو کسی کے اشارے پر عمل کر رہی ہے یا کھلم کھلا ملکی مفاد کے خلاف کام کر رہی ہے۔
وفاقی وزیراطلاعات نے کہا کہ ایس سی اوسربراہ اجلاس کی میزبانی پاکستان کے لیے اعزاز ہے، اللہ تعالیٰ کے فضل وکرم سے سلامتی کی صورتحال پرمکمل توجہ مرکوز ہے، شرپسند عناصر کو کسی قسم کارخنہ ڈالنے کی اجازت نہیں دیں گے۔
مسلم لیگ ن کے رہنما سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ انہیں پی ٹی آئی کی جانب سے 15 اکتوبر کو اسلام آباد کے احتجاج کے اعلان سے کوئی حیرت نہیں ہوئی۔پی ٹی آئی نے ہمیشہ ملک کے چہرے پر کالک ملنے کا کام کیا ہے
واضح رہے کہ تحریک انصاف نے احتجاج کی کال ایسے وقت میں دی ہے جب کہ وفاقی دارالحکومت میں 15 اور 16 اکتوبر کو شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کانفرنس ہو رہی ہے جس میں چین، روس، بھارت سمیت دیگر ممالک کے سربراہان اور نمائندے شریک ہوں گے۔اجلاس کے موقع پر سیکیورٹی کیلئے اسلام آباد میں آرٹیکل 245 کے تحت فوج تعینات کی گئی ہے۔