شنگھائی تعاون کانفرنس کے دوران گڑبڑ برداشت نہیں ہوگی، وفاقی وزیردفاع
پی ٹی ایم پہلے بہتر مگر اب تشدد پسند ہوگئی ہے، وفاقی وزیردفاع کی شدید تنقید
پشاور (غگ رپورٹ) وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے ایک بار پھر پی ٹی آئی کو دہشت گرد پارٹی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس شرپسند اور پاکستان دشمن پارٹی کو شنگھائی تعاون کانفرنس کے دوران کسی قسم کی سرگرمی اور شر پسندی کی کسی بھی قیمت پر اجازت نہیں دی جائے گی اور ایسی کوئی حرکت کی تو اس کے ساتھ پہلے سے بھی زیادہ سختی کے ساتھ نمٹا جائے گا۔
ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ اس بات میں اب کوئی دو آراء نہیں ہیں کہ پی ٹی آئی اپنی ہم خیال دہشت گرد اتحادی کالعدم ٹی ٹی پی کی طرح ایک پاکستان مخالف دہشت گرد قوت ہے اور اس کو سیاسی پارٹی کا نام نہیں دیا جاسکتا بلکہ اس کے ساتھ مزید کسی قسم کی رعایت خطرناک نتائج دے گی اور ریاست اس کو مزید کسی شر پسندی کی قطعاً اجازت نہیں دے گی۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پی ٹی ایم ابتداء میں قبائلی علاقوں کے مسائل اور شکایات کے حل کے لیے وجود میں آنیوالی ایک تنظیم تھی اور یہ کافی پرامن ہوا کرتی تھی تاہم اب یہ تشدد کے علاوہ ریاست کے خلاف استعمال ہورہی ہے اور اگر یہ کہا جائے تو غلط نہیں ہوگا کہ یہ سب ایک سکے کے دو رخ ہیں۔