GHAG

پی ٹی آئی نے طالبان کو عوام پر پھر سے مسلط کیا، عطاء تارڑ

ایک پالیسی کے تحت ٹی ٹی پی کو واپس لاکر سہولیات دی گئیں، نیشنل ایکشن پلان ایک بہترین روڈ میپ تھا، وفاقی وزیراطلاعات

پی ٹی آئی ایک شر پسند قوت ہے جو انتشار چاہتی ہے، سینیٹ اجلاس سے خطاب

پشاور (غگ رپورٹ) وفاقی وزیر اطلاعات عطاء تارڑ نے الزام لگایا ہے کہ پی ٹی آئی ایک پرو طالبان شر پسند پارٹی ہے جو پاکستان میں شرپسندی اور تصادم کا راستہ ہموار کرنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے ۔ سینیٹ میں خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ اے پی ایس واقعہ کے بعد نیشنل ایکشن پلان دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف ایک متفقہ روڈ میپ تھا جس پر ہماری حکومت نے عمل درآمد کرتے ہوئے نہ صرف خیبرپختونخوا اور بلوچستان سے دہشتگردی کا خاتمہ کیا بلکہ کراچی میں بھی امن قائم کیا تاہم ایک سازش کے تحت جب مسلم لیگ ن کی حکومت ختم کی گئی تو پی ٹی آئی نے اپنے بانی کی خواہش اور پالیسی کے تحت طالبان کو سہولتیں دیکر عوام پر پھر سے مسلط کردیا جس کا نتیجہ ہم آج دہشتگردی کی نئی لہر کی شکل میں دیکھ رہے ہیں تاہم ریاست ایک نئے عزم کے ساتھ دہشت گردی اور انتشاری ٹولے کو ختم کرکے رہے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی ایک ریاست مخالف قوت ہے اور اس کی انتشاری سرگرمیوں کو بعض عالمی طاقتوں کی حمایت حاصل ہے مگر اس تمام صورتحال کے تناظر میں افسوسناک بات یہ ہے کہ ہمارے بعض ادارے ( عدلیہ) اس پارٹی کو سپورٹ کرتے ہوئے پاکستان کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی کوششوں میں حصہ دار بنے ہوئے ہیں۔

وزیراطلاعات کے مطابق ریاستی رٹ پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جاسکتا اور حکومتی اقدامات سے پاکستان استحکام اور ترقی کی راہ پر تیزی کے ساتھ گامزن ہوچکا ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
WhatsApp