امریکہ میں بیٹھے میڈیا پرسنز کو ویزوں اور ملازمت کی فکر ہے، علی اکبر
بعض صحافیوں نے باقاعدہ پی ٹی ایم کی میڈیا کمپین چلائی، عرفان خان
منظور پشتین اور دیگر ڈپریشن کا شکار ہوگئے ہیں، عارف یوسفزئی
میڈیا کو مؤرد الزام ٹھہرانا غلط طرزِ عمل ہے، شمس مومند
ہمیں ایک اور انتہا پسندی کا سامنا ہے، آصف نثار
پشاور (غگ رپورٹ) پشاور کے معتبر صحافیوں نے پشتون تحفظ موومنٹ (پی ٹی ایم) کی جانب سے مین سٹریم میڈیا کے صحافیوں کے خلاف دھمکیاں دینے اور نازیبا الفاظ استعمال کرنے کی مہم کو ایک انتہا پسندانہ بیانیہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ مذکورہ تنظیم کی نظر میں باہر بیٹھے وہ میڈیا پرسنز قابل قبول ہیں جو کہ ان کے علاوہ اپنے فارن ایجنڈے کو آگے بڑھانے میں مصروف عمل ہیں۔
علی اکبر، سینئر صحافی، پشاور
سینئر صحافی علی اکبر کے مطابق ہم پاکستان کے میڈیا ایتھکس کے اندر رہتے ہوئے اپنا کام کررہے ہیں اور کوئی بھی تنقید سے بالاتر نہیں ہے۔ ان کے بقول جو لوگ ویزوں اور ملازمت کی مجبوریوں کے باعث آزاد صحافت کے نام پر ایسی تنظیموں کی پروپیگنڈا مہم چلاتے آرہے ہیں وہ اور ان کی مجبوریاں سب کو معلوم ہیں وہ ہمیں صحافت نہ سکھائیں۔
عارف یوسفزئی، سینئر صحافی، پشاور
سینئر صحافی عارف یوسفزئی کے مطابق منظور پشتین اور ان کے ساتھی ڈپریشن کا شکار ہوکر اپنا غصہ میڈیا اور ہم پر نکال رہے ہیں اور ان کے نازیبا رویہ نے ان کے اخلاقی معیار کو بے نقاب کردیا ہے۔ ان کے بقول منظور پشتین پہلے ان 4 کارکنوں کی شہادت کا جواب دیں جس کو اس صوبائی حکومت نے پولیس کے ہاتھوں شہید کیا جس نے بعد میں اس جرگے کی سہولت کاری کی۔
شمس مومند، تجزیہ کار، پشاور
تجزیہ کار شمس مومند کے مطابق ہم نے نہ صرف اس جرگے میں شرکت کرکے اس کی کوریج کی بلکہ اس کے جینوین مطالبات کی وکالت بھی کی۔ پی ٹی ایم کو چاہیے کہ میڈیا کو بے جا تنقید کی بجائے اس سے بہتر تعلقات قائم کرنے پر توجہ مرکوز کریں۔
عرفان خان، سینئر صحافی، پشاور
باخبر صحافی عرفان خان کے مطابق ایک انتہائی غیر منظم ایونٹ کے منتظمین اور غلط ملط ڈیٹا پیش کرنے والی تنظیم کے پس پردہ عزائم کا ہم کو سب کچھ معلوم ہے مگر ہم ان کے برعکس اپنی روایات کا احترام کرتے ہوئے تحمل سے کام لیتے آئے ہیں۔ جو غیر ملکی میڈیا پرسنز ان کے حق میں ریاست مخالف مہم چلارہے ہیں ان کو وہ مبارک ہو ہمیں ان کی تائید یا مخالفت کی کوئی پرواہ نہیں ہے۔
آصف نثار غیاثی، سینئر صحافی، پشاور
سینئر صحافی آصف نثار غیاثی کے مطابق پی ٹی ایم اور بعض دیگر کا رویہ افسوسناک ہے۔ سیاسی جماعتیں اور ایسے گروپ اپنے حامیوں کی تعداد میں اضافے کی کوشش کرتے ہیں مگر یہاں معاملہ الٹ ہے اور اس رویے سے ان کو فائدے کی بجائے نقصان اٹھانا پڑے گا۔