روس، برطانیہ، امریکہ، چین، سعودی عرب ، ترکی اور ایران کا سخت ردعمل
ماسکو دہشت گردی کے خلاف اسلام آباد کے ساتھ کھڑا ہے، روسی صدر
افغانستان کی بھی مذمت، معصوم شہریوں کی شہادت خلاف شریعت قرار
پشاور (غگ رپورٹ) دنیا کے مختلف اہم ممالک نے پہلی بار کھل کر کوئٹہ کے ریلوے اسٹیشن پر ہونے والے خودکش حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے پاکستان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا ہے جبکہ بی ایل اے کی جانب سے ہونے والے اس حملے میں شہید ہونے والوں کی تعداد 30 تک جا پہنچی ہے۔ روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے اس حملے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کو اس پر سخت دکھ پہنچا ہے اور ماسکو اس قسم کی دہشتگردی کے خاتمے کےلئے اسلام آباد کے ساتھ نہ صرف کھڑا ہے بلکہ ہر قسم کے تعاون کو بھی تیار ہے۔
امریکہ نے رسمی بیان میں کہا ہے کہ امریکی حکومت اور عوام حکومت پاکستان اور متاثرین کے ساتھ اپنی گہری تعزیت کا اظہار کرتی ہیں۔ چین نے کہا ہے کہ اسے دہشت گردی کے بعض دیگر واقعات کی طرح اس حملے سے بھی بہت دکھ پہنچا ہے اور دونوں ممالک اس قسم کی دہشتگردی کے خاتمے کے لئے مشترکہ کام کرتے رہیں گے۔
ان تین اہم ممالک کے علاوہ برطانیہ ایران، ترکی ، متحدہ عرب امارات اور متعدد دیگر ممالک نے بھی پاکستان کی حکومت اور متاثرہ خاندانوں کے ساتھ تعزیت اور اظہار یکجہتی کرتے ہوئے حملہ آوروں کی کھل کر مذمت کی ہے جبکہ افغانستان کی طالبان حکومت نے بھی خلاف توقع کافی عرصے بعد رسمی طور پر ایک بیان جاری کرتے ہوئے نہ صرف اس حملے کی مذمت کی ہے بلکہ ایسے حملوں میں معصوم شہریوں کی شہادتوں کو خلاف شریعت بھی قرار دیا ہے ۔ دوسری جانب عالمی میڈیا نے اس واقعے کو شہ سرخیوں میں جگہ دیتے ہوئے بلوچستان اور خیبرپختونخوا کی سیکیورٹی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔