GHAG

امن کے قیام کے لیے شاہد آفریدی کا فارمولا

امن و ترقی تب ممکن ہے جب ہم اپنے اداروں کے ساتھ کھڑے رہیں گے، سابق کپتان قومی کرکٹ ٹیم

ہم آپس میں لڑتے رہے تو اس کا فائدہ ہمارے دشمن اٹھائیں گے، شاہد خان آفریدی

سیاست میں آنے کا کوئی ارادہ نہیں، خیبر، جمرود میں خطاب و گفتگو

پشاور (غگ رپورٹ) نامور کرکٹر اور قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد خان آفریدی نے کہا ہے کہ صوبے اور ملک کی ترقی اور خوشحالی امن و استحکام  سے جڑی ہوئی ہیں تاہم یہ سب کچھ اس وقت تک ممکن نہیں ہیں جب تک ہم آپس کی نفرتیں اور تلخیاں بھلا کر اپنے اداروں اور سیکورٹی فورسز کے ساتھ کھڑے نہیں ہوجاتے اور پاکستان کی سیکورٹی کو قومی فریضہ سمجھ کر یقینی نہیں بناتے۔

خیبرپختونخوا کے ضلع خیبر جمرود میں ایک تقریب سے خطاب اور اس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سٹار کھلاڑی نے کہا کہ پاکستان کو سیکورٹی کے جن چیلنجز کا سامنا ہے اس سے نمٹنے کے لیے سب کو اپنا اپنا کردار ادا کرنا پڑے گا کیونکہ ترقی اور خوشحالی کے لیے مستقل امن کا قیام لازمی ہے اور اس کے لیے ضروری ہے کہ ہم اپنے قومی اداروں خصوصاً سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑے ہو جائیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ جب امن ہوگا تو معاشی استحکام اور ترقی کی راہیں خود ہموار ہوں گی ۔ ان کے بقول اگر ہم اپنے اداروں کا ساتھ نہیں دیتے تو اس کا فایدہ تیسرے فریق کی شکل میں ملک کے دشمن اٹھائیں گے اور وہ ایسا کرتے آرہے ہیں اس لیے لازمی ہے کہ فروعی اختلافات بھلاتے ہوئے آگے بڑھنے کا راستہ اختیار کیا جائے اور اپنے اداروں کو مضبوط بنانے کے لیے اپنا اپنا کردار ادا کیا جائے۔

ایک سوال کے جواب میں شاہد آفریدی نے کہا کہ وہ سیاست میں آنے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتے اور ان سے متعلق ایسی باتیں سن کر وہ توبہ کرتے ہیں ۔ ان کے مطابق کرکٹ بورڈ اور دیگر متعلقہ حکام کو قومی کرکٹ ٹیم سے متعلق کسی بھی فیصلے سے قبل سینئر کھلاڑیوں کو اعتماد میں لینا چاہیے اور کسی اہم کھلاڑی کو ہٹایا بھی جاتا ہے تو اس پر میڈیا پر بحث کے ذریعے بدگمانی پیدا کرنے کی بجائے آپس میں بیٹھ کر مشورہ اور فیصلہ کرنا چاہیے تاکہ ٹیم کو متحد رکھا جاسکے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
WhatsApp

Related Posts