GHAG

پی ٹی ایم کے 10 رہنماؤں اور حامیوں کے خلاف سخت کارروائی

محکمہ داخلہ ، قبائلی امور کی جانب سے ناموں کی فہرست اور کارروائی

انسداد دہشت گردی قانون کے تحت شیڈول فورتھ کا نوٹیفیکیشن جاری

پشاور (غگ رپورٹ) حکومت خیبرپختونخوا کی وزارت داخلہ و قبائلی امور نے کالعدم پشتون تحفظ موومنٹ (پی ٹی ایم) کے 10 رہنماؤں اور منتظمین کے خلاف اینٹی ٹیررازم ایکٹ 1997 کے تحت شیڈول فورتھ کے تحت کارروائیوں کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔ اس ایکٹ اور شیڈول کے مطابق نہ صرف فہرست میں شامل افراد کے خلاف اینٹی ٹیررازم ایکٹ کے قوانین کے تحت کارروائیاں ہوں گی بلکہ ان کو شناختی دستاویزات سمیت متعدد دوسری شہری سہولیات سے بھی محروم کیا جاسکے گا۔

جاری نوٹیفیکیشن میں جن رہنماؤں اور منتظمین کے نام شامل کئے گئے ہیں ان میں ملک نصیر احمد آفریدی، عمران آفریدی، حسین احمد، آفتاب شنواری، سمیع اللہ، مقیب آفریدی، جہانگیر خان، محمد حنیف آفریدی، خان ولی اور امجد شامل ہیں۔

دوسری جانب کالعدم پی ٹی ایم کے بعض رہنماؤں نے الزام لگایا ہے کہ جمرود جرگہ کے بعد حکومت نے ملک خصوصاً خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں پی ٹی ایم کے 500 سے زائد رہنما اور کارکن گرفتار کیے ہیں تاہم سرکاری حکام نے  اس الزام یا دعوے سے لاتعلقی کا اظہار کرتے ہوئے موقف اختیار کیا ہے کہ جن افراد نے ریاستی قوانین کی خلاف ورزی کی ہے ان کی فہرستیں متعلقہ اداروں کو فراہم کی گئی ہیں اور ان کے خلاف قانون کے تحت بلاشبہ کارروائیاں کی جائیں گی مگر فی الحال ان کے پاس گرفتار شدہ افراد کی اعداوشمار اور دیگر تفصیلات دستیاب نہیں ہیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
WhatsApp

Related Posts