افتتاحی تقریب میں وزیراعلیٰ اور کور کمانڈر سمیت اہم شخصیات کی شرکت
مختلف ایونٹس اور سرگرمیوں پر مشتمل میلہ 10 نومبر تک جاری رہے گا، منتظمین
پشاور (غگ رپورٹ) کرنل شیر خان اسٹیڈیم پشاور میں صوبے کی حالیہ تاریخ کے سب سے بڑے ثقافتی میلے کا انعقاد کیا گیا جس کی افتتاحی تقریب میں وزراء، ارکان اسمبلی، بیوروکریٹس اور عوام کی کثیر تعداد کے علاوہ خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور اور کور کمانڈر پشاور عمر احمد بخاری نے خصوصی شرکت کی۔
وزیراعلیٰ نے میلے کا افتتاح کرتے ہوئے اس اقدام کو صوبے بالخصوص پشاور کے عوام کے لیے خوش آئند قرار دیا جبکہ عوام کی کثیر تعداد نے میلے میں شرکت کرتے ہوئے اس حکومتی اقدام کو سراہا۔ صوبائی حکومت کے متعلقہ منتظمین کے مطابق یہ ایونٹ 10 نومبر تک جاری رہے گا جس کے دوران 16 مختلف کھیلوں کے کھلاڑی اپنی مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے فیملیز سمیت عوامی حلقوں کو تفریح فراہم کریں گے جبکہ ہر شام محفل موسیقی کا بھی اہتمام کیا جائے گا تاکہ پشاور سمیت پورے صوبے سے آنے والے شہریوں کو تفریحی ماحول فراہم کیا جاسکے۔