GHAG

کرم میں ڈپٹی کمشنر پر فائرنگ، دو مبینہ شرپسند گرفتار

صوبائی حکومت کا معاہدے پر دستخط کرنیوالے مشران کو مجرمان حوالگی کا حکم

مجرمان حوالہ نہیں کئے گئے تو سخت کارروائی کی جائے گی اور ہر قسم کا معاوضہ اور امداد روک دی جائے گی

موجودہ حالات کی پیش نظر کرم میں دفعہ 144 کے نفاذ کا فیصلہ، اسلحے کی نمائش پر پابندی

پشاور(غگ رپورٹ) ڈپٹی کمشنر کرم پر 4 جنوری کو فائرنگ کے واقعے میں ملوث دو مبینہ شرپسندوں کو گرفتار کرلیا گیا، دوسری جانب صوبائی حکومت نے کرم کے مشران کو 4 جنوری کے حملے کے مجرموں اور سہولت کاروں کو حوالے کرنے کا کہہ دیا اور اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ مجرموں کی حوالگی میں عدم تعاون پرکلیئرنس آپریشن کی ضرورت پڑنے پر آبادی کو عارضی طورپر منتقل کیا جائے گا۔

گذشتہ روز کوہاٹ میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی زیرصدارت کرم کی صورتحال پر اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں چیف سیکرٹری اور آئی جی پولیس سمیت دیگر افسران نے شرکت کی اور  کئی اہم فیصلے کیے گئے۔

اعلامیے کے مطابق کُرم امن معاہدے پردستخط کرنے والے مشران کو امن معاہدے کے نفاذ پر جوابدہ بنایا جائے گا اور 4 جنوری حملے کے تمام مجرموں اوراس کی حوصلہ افزائی کرنے والوں کےخلاف دہشت گردی کے مقدمے درج ہوں گے۔

اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیاکہ مجرموں کی گرفتاری کے علاوہ شیڈول فور میں بھی شامل کیا جائے گا۔

اس میں کہا گیا کہ فرقہ ورانہ انتشار کی پشت پناہی کرنے والے سرکار افسران کیخلاف تادیبی کاروائی کی جائے گی، ملزمان کی گرفتاری کے لیے کلیئرنس آپریشن کی ضرورت پڑنے پر وقوعہ کے مقام کی آبادی کو عارضی طور پر منتقل کیا جائے گا۔

اعلامیے کے مطابق اجناس کے قافلے کی نقل و حمل جلد کی جائے گی، آمدورفت کے دوران سڑکوں پر کرفیو ہوگا، اسلحہ رکھنے والا کوئی بھی شخص دہشت گرد تصور کیا جائے گا، مختلف خوارج کے سر کی قیمت کا اعلان کیا جائے گا۔

ضلع کرم میں دفعہ 144 کے نفاذ کا فیصلہ

اجلاس میں ضلع کرم میں موجودہ حالات کی پیش نظر دفعہ 144 کرنے کا فیصلہ کیا گیا جس کے تحت ضلع میں اسلحے کی نمائش پر پابندی ہوگی۔

ایڈیشنل چیف سیکریٹری کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق ڈسٹرکٹ کرم میں دفعہ 144 نافذ کردی گئی ہے جب کہ تری سے چھپری تک مین شاہراہ پر ہر قسم کے اجتماعات پر پابندی ہوگی۔

کوہاٹ اجلاس کے شرکا کا کہنا تھا کہ کرم کے حالات کو چند شر انگیز لوگوں کے ہاتھوں میں نہیں چھوڑیں گے، کرم کے عوام جلد سکھ اور چین سے رہیں گے جب کہ ٹل اور پارا چنار روڈ کو جلد عام ٹریفک کے لیے کھول دیں گے۔

اشفاق خان ڈپٹی کمشنر کرم تعینات

لوئر کرم میں گزشتہ روز فائرنگ میں زخمی ہونے والے ڈی سی جاوید اللہ محسود کی جگہ اشفاق خان کو نیا ڈپٹی کمشنر تعینات کردیا گیا۔

یاد رہے کہ 4 جنوری کو لوئر کرم کے علاقے بگن میں نامعلوم شرپسندوں کی فائرنگ سے ڈی سی کرم سمیت 7 افراد زخمی ہوگئے تھے، کرم کے لیے 3 ماہ بعد کھانے پینے کا سامان لے جانے والا قافلہ روک دیا گیا۔

(6جنوری 2025)

Facebook
Twitter
LinkedIn
WhatsApp

Related Posts