فتنہ الخوارج کو افغان حکومت کی سرپرستی حاصل ہے، منیر اکرم
پشاور (غگ رپورٹ) امریکہ کے صدر جو بائیڈن نے خطے کے امن کے قیام میں پاکستان کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ عالمی اور علاقائی چیلنجز سے نمٹنے میں پاکستان کو ہر ممکن تعاون فراہم کرکے اس کا بھرپور ساتھ دے گا اور خطے کے امن، علاقائی استحکام میں پاکستان کا کردار بہت اہم اور فعال ہے۔
امریکی میڈیا کے مطابق پاکستان کے نئے سفیر کی جانب سے دستاویزات دینے کے موقع پر امریکی صدر نے ان کو پاکستان کے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
دریں اثنا اقوام متحدہ میں تعینات پاکستانی مندوب منیر اکرم نے اپنے ریمارکس میں کہا ہے کہ پاکستان پر حملے کرنے والے فتنہ الخوارج (دہشت گردوں) کو افغان عبوری حکومت کی سرپرستی حاصل ہے اور پاکستان کو ان حملوں کے علاوہ وہاں جاری انسانی بحرانوں پر تشویش لاحق ہے۔ان کے مطابق پاکستان تمام تر شکایات کے باوجود افغان عوام کی ہر ممکن تعاون جاری رکھنے کا خواہشمند ہے۔
منیر اکرم کے مطابق پاکستان افغانستان کے حالات سے براہ راست متاثر ہورہا ہے تاہم یہ بات پوری دنیا پر واضح کرنا چاہتے ہیں کہ دہشت گردی کے خاتمے تک ہماری جنگ جاری رہے گی۔
دوسری جانب روس کے نائب وزیراعظم نے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر اور نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار سے دورہ پاکستان کے موقع پر خصوصی ملاقاتیں کرتے ہوئے پاکستان کے ساتھ تعلقات کو اہم ترین قرار دیتے ہوئے دہشتگردی کے خاتمے کے لیے اس کی حکمت عملی اور قربانیوں کا اعتراف کیا اور روس کی جانب سے ہر درکار تعاون کی یقین دہانی کرائی۔