بلوچستان میں کوئی آپریشن نہیں ہورہا، کل وزیراعظم کوئٹہ میں موجود تھے، ان کی تمام اسٹیک ہولڈرز سے ملاقات ہوئی، وفاقی وزیرداخلہ کا سینیٹ اجلاس میں اظہار خیال
اسلام آباد (غگ رپورٹ) وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ جو ریاست کے خلاف بندوق اٹھائے گا ، اس کا بندوست کیا جائے گا۔
ایوان بالا میں اجلاس کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے وفاقی وزیرداخلہ سینیٹر محسن نقوی کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں کوئی آپریشن نہیں ہورہا۔ کل وزیراعظم کوئٹہ میں موجود تھے، انکی تمام اسٹیک ہولڈرز سے ملاقاتیں ہوئیں۔
سینیٹر محسن نقوی کا کہنا تھا کہ جو لوگ ریاست کو مانتے ہیں، ان کو سر پر بٹھائیں گے ۔ جو لوگ ریاست کو تسلیم نہیں کرتے اور جو بندوق اٹھاتے ہیں وہ دہشت گرد ہیں اور ان لوگوں کا بندوست کریں گے، یہ واضح کر دوں جو بندوق اٹھائے گا، اس کا بندوست کیا جائے گا۔
وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں سب سے بڑا مسئلہ افسران کی عدم دستیابی ہے، وفاق سے افسران بلوچستان جارہے ہیں۔
26اگست کو پیش آنیوالے واقعے سے متعلق محسن نقوی نے کہا کہ یہ واقعہ پوری پلاننگ کے ساتھ ہوا، ہمیں معلوم ہے کہ ان کے پیچھے کون ہے؟ دراصل شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کو خراب کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔